’ان بیٹرز کو تو سمجھ ہی نہیں آ رہی۔ اس کو نہیں مار پاؤ گے۔‘
’ان کو کیا، انڈیا کو بھی سمجھ نہیں آئے گی۔‘
’ایسے بولر کے خلاف پریکٹس کے لیے کس کو بلاؤں میں؟‘
’یہ انڈیا کے خلاف ان کا ٹرمپ کارڈ ہو گا۔‘
یہ وہ چند جملے ہیں جو ایک انڈین چینل پر پاکستان اور امریکہ کی ٹیم کے درمیان ہونے والے میچ کی کمٹری کے دوران ادا کیے گئے اور ان جملوں میں ذکر ہو رہا ہے پاکستانی بولر عثمان طارق کا جن کا مخصوص ایکشن پہلے بھی بحث کا مرکز رہا ہے۔
تاہم گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ کے دوران اور بعد میں عثمان طارق کا ایکشن اور ان کا وقفہ خصوصی طور پر انڈیا میں زیر بحث ہے جہاں کے ایک سابق سپنر بھی پاکستانی بولر کے دفاع میں سامنے آئے۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں عثمان طارق نے چار اوورز میں 27 رن کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایک جانب جہاں پاکستان کے سپن بولر کے کمبینیشن پر بات ہونے لگی تو وہیں انڈیا کے سوشل میڈیا پر عثمان طارق کا نام گردش کرنے لگا۔
چند صارفین نے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر سوال اٹھائے تو کچھ نے سوال کیا کہ کیا گیند پھینکنے سے قبل وقفہ لینا کرکٹ قوانین کے مطابق درست بھی ہے یا نہیں؟

Leave a Reply