وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر بلوچستان کی بہادر، باصلاحیت اور باہمت خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام خواتین قابلِ احترام ہیں جو ہر طرح کی مشکلات اور چیلنجز کے باوجود صوبے اور ملک کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں ۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین نہ صرف معاشرتی اور گھریلو ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی ہیں بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے صوبے کی ترقی اور استحکام میں اہم حصہ ڈال رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ خواتین جو مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے امن اور ترقی کے راستے کو اختیار کر کے ملک و قوم کی خدمت کر رہی ہیں، وہ ہمارے معاشرے کا فخر ہیں۔ اسی طرح وہ خواتین جو پولیس اور مسلح افواج میں شامل ہو کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور پاکستان کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے حکومت بلوچستان نے خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں صوبے کے اہم اضلاع میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر جیسے اہم انتظامی عہدوں پر تعینات کیا ہے اور وہ جس ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں وہ قابلِ تحسین ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے حکومت بلوچستان نے ویمن اکنامک امپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت خواتین کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے کاروبار کا آغاز کر سکیں اور معاشی طور پر خود مختار بن سکیں۔
اسی سلسلے میں خضدار ویمن مارکیٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جہاں خواتین کو کاروبار کے بہتر مواقع میسر آ رہے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے سال 2024 اور 2025 کے دوران تقریباً سولہ ہزار طالبات کو ایک اعشاریہ پانچ ارب روپے کے تعلیمی وظائف فراہم کیے گئے ہیں اس کے علاوہ ہر ضلع سے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی پانچ طالبات کے سولہ سالہ تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان نے اپنے ذمے لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے کی باصلاحیت بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پیپلز پنک بس سروس متعارف کرائی گئی ہے جس کے بعد خواتین کو سفر کے دوران درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے اور انہیں محفوظ، باوقار اور بااعتماد سفری سہولت میسر آئی ہے۔ اس اقدام سے خواتین کی سماجی اور معاشی خودمختاری کو مزید تقویت ملی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے ہیلپ لائن 1089 قائم کی ہے جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ویمن سینٹر اور شیلٹر ہومز کے ذریعے متاثرہ خواتین کو تحفظ، قانونی معاونت اور رہائش کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ کسی بھی مشکل صورتحال میں محفوظ ماحول حاصل کر سکیں ۔

Leave a Reply