اگر آپ روزانہ ملٹی وٹامنز استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ یہ عادت بڑھاپے کی جانب سفر سست کرسکتی ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ماس جنرل بریگھم ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ 2 برس تک روزانہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے حیاتیاتی عمر کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔
خیال رہے کہ ویسے تو ہر فرد کی عمر کا تعین تاریخ پیدائش (کرانیکل ایج) سے کیا جاتا ہے مگر طبی لحاظ سے ایک حیاتیاتی عمر (بائیولوجیکل ایج) بھی ہوتی ہے جو جسمانی اور ذہنی افعال کی عمر کے مطابق ہوتی ہے۔\
جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر اس حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔
اس تحقیق میں 958 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 70 سال تھی۔
ان افراد کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور انہیں مختلف سپلیمنٹس استعمال کرنے کے لیے دیے گئے۔
ایک گروپ کو کوکا ایکسٹریکٹ اور ملٹی وٹامن استعمال کرنے کا کہا گیا، دوسرے کو کوکا ایکسٹریکٹ اور ملٹی وٹامن پلیسبو، تیسرے کو کوکا ایکسٹریکٹ پلیسبو اور ملٹی وٹامن اور چوتھے کو 2 پلیسبو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔
تحقیق کے آغاز میں ان افراد کے خون کے نمونے اکٹھے کیے گئے اور پھر ایک سال اور 2 سال بعد حاصل کیے گئے۔
ان نمونوں کا تجزیہ کرنے سے دریافت ہوا کہ ملٹی وٹمانز کے استعمال سے حیاتیاتی عمر میں اضافے کی رفتار میں کمی آئی۔

Leave a Reply