بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے ،سیب، خوبانی، چیری، بادام، انجیر، آلوچے اور انار کے باغات کو نقصان پہنچا، رابطہ سڑکیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا جبکہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ اور زیارت سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث سیب، خوبانی، چیری، بادام، انجیر، آلوچے اور انار کے باغات کو نقصان پہنچا۔اس کے علاوہ ہرنائی، چمن، قلات، سوراب اور دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔
ادھر تحصیل گلستان میں مسافر وین اور ٹرک پانی میں بہہ گیا جس پر 12افراد کو ریسکیو کرلیا گیا، ہرنائی میں ریلے میں پھنسی گاڑی میں سوار افراد نے چھلانگ لگا کر جان بچائی جب کہ 6 ٹرک بھی سیلابی ندی میں پھنس گئے۔بولان اور باجوڑ میں آسمانی بجلی اور مکان کی چھت گرنے سے خواتین بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، بھکر میں بارش سے کمرے کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور بچہ زخمی ہوگیا۔دریں اثناءپرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق کچھی میں دریائے ناڑی کے پشتے میں شگاف سے 100 سے زائد مکانات متاثر ہوئے ہیں جس سے تقریبا 400 ایکڑ زرعی اراضی زیرِآب آ گئی اور 50 سے زائد مویشی ہلاک ہو گئے۔
صوبہ بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہو گئے۔ضلع ہرنائی میں بارش سے 60 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔بارشوں کے باعث ہرنائی تا سنجاوی اور کوئٹہ شاہراہیں آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئیں۔پی ڈی ایم اے کی جانب جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلابی ریلوں کے باعث صوبے میں متعدد رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔بارشوں سے ہرنائی، چمن، قلعہ عبداللہ کے ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کی صورتِحال پیدا ہو گئی ہے۔
دریں اثناءکراچی کے مختلف علاقوں میں دیر رات گئے اور علی الصبح ہونے والی بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ،آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایم اے جناح روڈ، بفرزون، ملیر، کورنگی، ڈیفنس، شاہ فیصل کالونی، ناظم آباد اور گارڈن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔شہر بھر میں موسم خوشگوار ہے اور تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر اور گردونواح میں بارش کی پیش گوئی کے باعث حفاظتی بنیاد پر کچھ علاقوں میں بجلی سپلائی معطل کی جاسکتی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش رکنے اور فیلڈ ٹیموں سے کلیئرنس کے بعد سپلائی بحال کی جاتی ہے

Leave a Reply