اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کی پیش گوئی کردی، رمضان کا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے پیشگوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند بدھ 18 فروری 2026 کی شام نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جس سے رویت کے امکانات بڑھ جائیں گے۔3
پی ایم ڈی کے کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر نے بتایا کہ فلکیاتی پیرامیٹرز کی بنیاد پر 29 شعبان 1447 ہجری کی شام نئے چاند کی رویت کے امکانات روشن ہیں۔ رمضان کا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں چاند دیکھنے کا آخری وقت آزاد جموں و کشمیر: شام 6:58 ، بلوچستان: شام 7:47 ، سندھ: شام 7:24 ، خیبر پختونخوا: شام 7:13 ، پنجاب: شام 7:08 اور گلگت بلتستان میں شام 6:53 ہوگا۔
قبل ازیں 5 جنوری کو کی گئی پیشگوئی میں کہا گیا تھا کہ یکم رمضان 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ عیدالفطر 21 مارچ کو متوقع ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بھی کہا تھا کہ فلکیاتی حساب کے مطابق رمضان کا آغاز 19 فروری سے ہونے کا امکان ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے نہایت مقدس مہینہ ہے، جس میں روزہ، عبادات، دعا اور صدقات کے ذریعے روحانی تربیت حاصل کی جاتی ہے، جبکہ اس بابرکت مہینے کا اختتام عیدالفطر کی خوشیوں کے ساتھ ہوتا ہے۔