چہل قدمی ایک بہت آسان جسمانی سرگرمی ہے جس کے لیے کسی خرچے کی بھی ضرورت نہیں۔
مگر سوال یہ ہے کہ کس وقت چہل قدمی کرنا صحت کے لیے زیادہ مفید ہوتا ہے؟
درحقیقت دن کے کسی بھی وقت چہل قدمی کرنا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔
مگر صبح کے وقت چہل قدمی کو معمول بنانا جسمانی اور ذہنی صحت پر جادوئی اثرات مرتب کرتا ہے۔
چہل قدمی کو معمول بنانے کے فوائد درج ذیل ہیں۔
مدافعتی افعال مضبوط بنائے
چہل قدمی کو معمول بنانے سے موسمی نزلہ زکام، بخار اور گلے کی سوزش وغیرہ سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ ہفتے میں 5 دن روزانہ 20 منٹ تک چہل قدمی سے بیمار ہونے سے بچنے میں مدد ملتی ہے یا بیمار ہونے پر علامات کی شدت زیادہ سنگین نہیں ہوتی۔
خون کی گردش بہتر ہوتی ہے
جب آپ چہل قدمی کرتے ہیں تو دل کی دھڑکن کی رفتار تیز ہوتی ہے اور اس سے بلڈ پریشر کی سطح گھٹ جاتی ہے۔
اس سے وقت گزرنے کے ساتھ دل کی صحت بہتر ہوتی ہے کیونکہ خون زیادہ مؤثر انداز سے جسم میں گردش کرتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ 2 میل چہل قدمی کرنے سے فالج کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
جوڑوں کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے
چہل قدمی کرنے سے جوڑوں کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
جسم کو حرکت دینے سے جوڑوں کے افعال ہموار رہتے ہیں جبکہ زیادہ آکسیجن اور غذائی اجزا جوڑوں تک پہنچتے ہیں، جس سے بھی جوڑوں کی تکلیف سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
مسلز مضبوط ہوتے ہیں
صبح کے وقت چہل قدمی کرنے سے ٹانگوں اور پیٹ کے مسلز کو مضبوط رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
مضبوط مسلز سے مجموعی جسمانی صحت اور مضبوطی کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
ذہنی پریشانی سے تحفظ
چہل قدمی کرنے سے دماغی افعال بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
چہل قدمی کرنے والے ہر عمر کے افراد کے دماغی افعال میں بہتری آتی ہے۔
کچھ افراد کو تو چہل قدمی کرنے سے مسائل حل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ اس عادت سے مزاج خوشگوار ہوتا ہے جبکہ ڈپریشن کی علامات کی شدت گھٹ جاتی ہے۔

Leave a Reply