موٹاپا دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل رہا ہے جو متعدد دائمی امراض بشمول ذیابیطس، کینسر اور دیگر کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔
درحقیقت دنیا بھر میں جوان افراد میں موٹاپا عام ہوتا جا رہا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ ضرورت سے زیادہ غذا کھانا موٹاپے کا باعث بنتا ہے مگراب ماہرین نے اس کی ایک بڑی وجہ کو دریافت کیا ہے۔
ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ سافٹ ڈرنکس کا روزانہ استعمال نوجوان افراد کے جسمانی وزن میں اضافے اور موٹاپے کا باعث بن رہا ہے۔
جاپان کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف Occupational Safety and Health کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ میٹھے مشروبات کو روزانہ پینے کی عادت دنیا بھر میں نوجوانوں کو موٹاپے کا شکار بنا رہی ہے۔
اس تحقیق میں دنیا بھر کے 107 ممالک اور خطوں کے تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے 4 لاکھ سے زائد طالبعلموں میں سافٹ ڈرنکس کے استعمال اور موٹاپے کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے نوجوانوں میں موٹاپا عام ہوتا جا رہا ہے اور ایسا سافٹ ڈرنکس کے استعمال کے باعث ہو رہا ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ ایک یا اس سے زائد بار میٹھے مشروبات کے استعمال سے موٹاپے کا امکان نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ ماضی میں بھی کلینیکل ٹرائلز اور تحقیقی رپورٹس میں یہ بات ثابت ہوئی ہے اور ہماری تحقیق کے نتائج سے بھی ان شواہد کو تقویت ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹاپے کی وبا پر قابو پانے کے لیے نوجوانوں میں سافٹ ڈرنکس کے استعمال کی شرح میں کمی لانے کی ضرورت ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل جاما اوپن نیٹ ورک میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل مارچ 2023 میں امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی اور کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ میٹھے مشروبات جیسے سوڈا پینے کے نتیجے میں جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں گزشتہ دہائی کے دوران ہونے والی درجنوں تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ میٹھے مشروبات کے استعمال اور موٹاپے کے درمیان تعلق موجود ہے۔
تحقیق کے مطابق میٹھے مشروبات کے استعمال، جسمانی وزن میں اضافے اور دائمی امراض کے درمیان تعلق ثابت ہوتا ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ ایک اضافی سوڈا پینے سے جسمانی وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ جتنی زیادہ مقدار میں میٹھے مشروبات کا استعمال کیا جائے، جسمانی وزن میں اتنا زیادہ اضافہ ہوگا۔
درحقیقت انہوں نے بتایا کہ روزانہ صرف ایک سوڈا پینے سے ایک سال میں جسمانی وزن میں آدھا کلو کے قریب اضافہ ہو جاتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ کوئی خاص اضافہ محسوس نہیں ہوتا مگر بتدریج یہ بہت زیادہ ہو جاتا ہے، تو بہتر یہ ہے کہ میٹھے مشروبات کا استعمال کم از کم کیا جائے۔

Leave a Reply