جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ ملک کی معاشی اور کاروباری ترقی کے ضامن ہیں، یہ محبت، اخوت اور بھائی چارے پر یقین رکھنے والے دین دار اور اسلام پسند لوگ ہیں، ان سے کسی کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیشہ تمام اقوام کو اپنے سینے میں جگہ دے کر خود کو حقیقی معنوں میں منی پاکستان ثابت کیا ہے، اس شہر کی ترقی اور خوشحالی میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے تاجروں، مزدوروں اور کاروباری افراد کا اہم کردار ہے، اس لیے کسی بھی طبقے کو بلاوجہ ہراساں یا مشکلات سے دوچار کرنا مناسب نہیں۔ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ کراچی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہوٹل مالکان اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جمعیت علما اسلام نے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت کے ذمہ داران سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

Leave a Reply