معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے پشین کے علاقے سرانان میں سڑک پر کام کرنے والے چار نہتے اور معصوم مزدوروں کی شہادت کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت دشمن عمل ہے۔اپنے ایک بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیمیں معصوم شہریوں، مزدوروں اور مسافروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنا رہی ہیں، جو دہشت گردوں کی بزدلی اور سفاکیت کا واضح ثبوت ہے۔ نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں اور فورسز کو الرٹ کر دیا ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں اور ملوث عناصر کا تعاقب جاری ہے۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Leave a Reply