نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ نے گرلز انٹر کالج عیسئی پنجگور کا خصوصی دورہ کیا، کالج انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا ۔دورے کے موقع پر میر رحمت صالح بلوچ نے کالج کے لیے بس کی چابیاں پرنسپل کے حوالے کیں، جس سے طالبات کو آمدورفت میں نمایاں سہولت میسر آئے گی۔ بعد ازاں انہوں نے مختلف کلاسز کا دورہ کیا، جہاں طالبات نے نعت خوانی اور اہم موضوعات پر تقاریر پیش کیں۔ طالبات کی صلاحیتوں اور اعتماد کو حاضرین نے بے حد سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر رحمت صالح بلوچ نے تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو معاشروں کو ترقی، شعور اور خودمختاری کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور معیارِ تعلیم کو بلند کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ کردار سازی، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔اس موقع پر انہوں نے اسٹیج سیکرٹری، نعت خوانی اور تقاریر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا۔ مزید برآں انہوں نے کالج کے لیے چار عدد الیکٹرک واٹر کولرز کی فراہمی، ادارے کو مکمل سولر سسٹم پر منتقل کرنے، طالبات کے لیے مطالعاتی دورے کے انعقاد اور کالج بس کے لیے مستقل بنیادوں پر ایندھن فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔میر رحمت صالح بلوچ نے علاقے کی ترقی کے لیے اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر امان اللہ کلینک روڈ تا کہن زنگی کو پختہ کرنے کا یقین دہانی کرایا اور کہا کہ اس منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے گا۔

Leave a Reply