ناشتے کو دن کی سب سے اہم غذا قرار دیا جاتا ہے مگر اس کو کھانے کا وقت لمبی صحت مند زندگی کے لیے اہم ہوتا ہے۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Huazhong یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتے کا وقت بھی اچھی صحت کے لیے بہت اہم ہے۔
اس تحقیق میں بتایا گیا کہ صرف ناشتے میں شامل غذائیں ہی نہیں بلکہ ان کو جزو بدن بنانے کا وقت بھی اہم ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 40 سال یا اس سے زائد عمر کے 31 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو 1999 سے 2018 کے دوران اکٹھا کیا گیا تھا۔
ان افراد سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے استعمال کی جانے والی غذاؤں اور مشروبات کی تفصیلات حاصل کی گئیں اور یہ بھی معلوم کیا گیا کہ انہوں نے کس وقت ناشتہ یا کھانا کھایا۔
تحقیق میں صبح 4 بجے کے بعد کھائی جانے والی غذا یا مشروب کے استعمال کو دن کی پہلی غذا قرار دیا گیا جبکہ رات کا کھانا دن کی آخری غذا قرار دیا گیا۔
بعد ازاں 2019 کے آخر تک ان افراد کی اموات کے ڈیٹا کو حاصل کیا گیا۔
مجموعی طور پر لگ بھگ 9 سال تک ان افراد پر نظر رکھی گئی تھی اور اس دوران 7129 افراد کا انتقال ہوا جن میں سے 2259 امراض قلب کے باعث ہلاک ہوئے۔
مختلف عناصر جیسے عمر، تمباکو نوشی، جسمانی سرگرمیوں، غذائی معیار، جسمانی وزن، آمدنی اور امراض وغیرہ کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان ناشتہ کرنا لمبی صحت مند زندگی کے لیے مثالی وقت ہے۔
جو افراد صبح 8 سے 10 بجے ناشتہ کرتے ہیں، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 10 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ 10 سے دوپہر 12 بجے کے درمیان ناشتہ کرنے سے 19 فیصد اور دوپہر کے بعد ناشتہ کرنے 29 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

Leave a Reply