پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا خطاب نہیں سنا اور شہدا کے حوالے سے ان کی گفتگو سے متفق نہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ ہمارے فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، تنخواہ تو کیا دنیا کے سارے خزانے شہدا کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنےجوانوں کے قربانیوں کے معترف ہیں، سلام پیش کرتے ہیں، سیاسی لیڈروں کو شہدا کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، شہید کی جو موت ہے قوم کی حیات ہے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھاکہ اپنے شہداکی قربانیوں کا اعتراف کرتےہیں، ان کاخون کبھی رائیگاں نہیں جائےگا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان کا خطاب نہیں سنا، شہدا کے حوالے سے ان کی گفتگوسے متفق نہیں، سیاستدانوں کو اپنے جوش خطابت میں الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کرنی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پانچ اگست کے لیے پارٹی کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارلیمانی اور سیاسی کمیٹی کرے گی، بانی پی ٹی آئی اور ان کے بھانجے کے بعد علیمہ خان کو بھی جیل بھیج دیا گیا تو کیا تاثر جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا اپوزیشن رہنماؤں کو آزاد کشمیر جانے دیں تاکہ کوئی راستہ نکالا جائے ، آزاد کشمیر میں انتخابات کے بائیکاٹ کا تحریک انصاف کا فیصلہ موجود ہے، اگر آزاد کشمیر میں صورتِ حال بہتر ہوئی تو اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں گے، آزاد کشمیر کی صورتِ حال پر واضح موقف ہے، تحریک انصاف ریاست مخالف بیانیے کے ساتھ نہیں ہے۔

Leave a Reply