وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دونوں ہاتھوں سے معذور مگر غیر معمولی عزم اور حوصلے کے حامل ہونہار طالب علم رفیع اللہ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ مدعو کرکے ان سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران رفیع اللہ نے ڈاکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے ان کی ہمت، عزم اور خود اعتمادی کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رفیع اللہ جیسے باہمت نوجوان بلوچستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی معذوری کبھی بھی بلند حوصلوں اور بڑے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، اور رفیع اللہ نے اپنی جدوجہد سے یہ حقیقت ثابت کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے رفیع اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کا خواب اب حکومت بلوچستان کا عزم ہے۔ آپ کی تعلیم کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی تاکہ آپ اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔” انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رفیع اللہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہر ممکن طبی سہولت بھی فراہم کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جہاں بھی ان کے علاج کی بہتر سہولت دستیاب ہوگی، حکومت بلوچستان ان کے علاج کا مکمل انتظام کرے گی۔

Leave a Reply