پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ابوبکر کا کہنا ہے کہ پرولیگ میں بھارت کے خلاف دو میچ کھیل چکے ہیں ، امید ہے اس بار غلطیوں سے سیکھ کر اچھا رزلٹ حاصل کریں گے۔
پاکستان ہاکی ٹیم ویگنور ہاکی اسٹیڈیم ایمسٹلوین میں 19 اگست کو بھارت کے خلاف اہم میچ کھیل رہی ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے اسٹرائیکر رانا وحید کا کہنا ہے کہ ہر لحاظ سے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک اہم مقابلہ ہے۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ ہمیں ویلز سے میچ جیتنا چاہیئے تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا، البتہ بھارت کے خلاف ہم جیت سکتے ہیں ۔
قومی ہاکی ٹیم کے کوچ باب جان ویلڈف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اچھی ٹیم ہے، ہم بھرپور مقابلے کے لیے تیار ہیں ، ہم اگر ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے کر اگلے مرحلے تک پہنچ گئے، تو یقیناً یہ ایک بہت بٹری فتح ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ درحقیقت ہمارا فوکس جاپان میں ہونیوالے ایشین گیمز ہیں ، لیکن ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرانا بہت بڑا سرپرائز ہوگا۔ جس کے لیے ہم منصوبہ بندی کر رہے ہیں ، البتہ اس متعلق نہیں بتا سکوں گا، کہ ہم کیا سوچ رہے ہیں ، ہاں ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ بھارت کی خامیاں کیا ہیں ، جس پر ہم میچ میں دھیان رکھنا چاہیں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ عدنان ذاکر نے کہا کہ بھارت کے کوچنگ اسٹاف میں 14 افراد ہیں ، انہوں نے اپنی ہاکی پر خطیر سرمایہ کاری کی ہے، ہمیں ابھی وقت درکار ہوگا۔ البتہ بھارت کے خلاف میچ ففٹی ففٹی ہوگا۔ ہمارا پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں ،ہاں دباؤ بھارت کی ٹیم پر ہوگا۔

Leave a Reply