پورا ہفتہ اگر نیند پوری نہیں کر پاتے اور خود کو ہائی بلڈ پریشر سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں؟
تو ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر ایک سے 2 گھنٹے اضافی نیند کو عادت بنالیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
عام طور پر طبی ماہرین کی جانب سے زور دیا جاتا ہے کہ اچھی صحت کے لیے سونے اور جاگنے کے اوقات کے تسلسل کو برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
مگر جنوبی کوریا کی سیئول یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر اضافی نیند دل اور مجموعی صحت کے لیے بہتر ہوتی ہے۔
اس تحقیق میں 40 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو 2016 سے 2023 کے دوران اکٹھا کیا گیا تھا۔
تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر ایک سے 2 گھنٹوں کی اضافی نیند سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عام دنوں میں نیند کی کمی کا سامنا کرنے والے افراد اگر ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر اضافی نیند کو عادت بنالیں تو ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔
مگر ایسا صرف ایک سے 2 گھنٹے کی اضافی نیند سے ہی ممکن ہوتا ہے، اس سے زیادہ دورانیے سے صحت کو فائدہ نہیں ہوتا۔
تحقیق کے مطابق ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر اضافی نیند سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 6 فیصد تک کم ہو جاتا ہے، خاص طور پر ورزش سے دور رہنے والے افراد میں یہ خطرہ 6.9 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اگر کوئی فرد ایک گھنٹہ 37 منٹ سوتا ہے تو یہ خطرہ 9 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں 37 سے 79 سال کی عمر کے ایک ارب 40 کروڑ افراد ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں۔
ہائی بلڈ پریشر دنیا بھر میں قبل از وقت کا باعث بننے والا ایک اہم مرض ہے کیونکہ اس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔
محققین کے مطابق ناکافی نیند سے جسم پر تناؤ بڑھتا ہے جس کے نتیجے میں دل اور خون کی شریانوں کو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے اور بلڈ پریشر بڑھتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیند صحت کے لیے بہت اہم ہوتی ہے خاص طور پر اگر دفتری مصروفیات یا دیگر وجوہات کے باعث پورے ہفتے نیند پوری نہیں کرسکے تو ہفتہ وار تعطیل کے دوران اضافی نیند صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے۔

Leave a Reply