صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے عوام کا مستقبل ہیں، آج کا دور تعلیم، علم، ٹیکنالوجی اور ہنر کا دور ہے، اس لیے نوجوان اپنی پوری توجہ تعلیم پر دیں۔ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو انسان کو پسماندگی سے ترقی کی طرف لے جا سکتی ہے۔اپنے جاری کردہ پیغام میں وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ کسی قوم کا مستقبل صرف نعروں سے نہیں بدلتا، تعلیم، کتاب، قلم، محنت، اچھے کردار اور مسلسل کوشش سے قوموں کا مستقبل بدلتا ہے۔ آج ہمیں دیگر اقوام کا مقابلہ ہتھیاروں سے نہیں بلکہ قلم سے کرنا چاہیے، ہمارے نوجوانوں کو ڈاکٹر،انجینئر، اساتذہ، سائنسدان ، وکیل، افسران، محقق، اور ٹیکنا لوجی کے ماہرین بننا چاہیے نوجوان محنت کریں اور زندگی کے ہر شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کریں میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ جب نوجوان کامیابی حاصل کریں اور اچھے عہدوں پر پہنچیں تو اپنی کامیابی کو صرف اپنے لیے استعمال نہ کریں، بلکہ اپنے علم اور مقام کو اپنے عوام اور بلوچستان کی خدمت کے لیے استعمال کریں نوجوان نسل کی رہنمائی کریں اور ایک بہتر معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں

Leave a Reply