جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام ہی بلوچستان کی حقیقی عوامی، نظریاتی اور نمائندہ جماعت ہے، اور صوبے کی سب سے بڑی عوامی قوت ہونے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جمعیت علماءاسلام نے ہمیشہ نعروں، جذباتی سیاست اور وقتی مفادات کے بجائے عملی جدوجہد، اصولی سیاست اور بلوچستان کے آئینی، سیاسی، معاشی اور قومی حقوق کے تحفظ کو اپنی سیاست کا مرکز بنایا ہے۔ ہماری جدوجہد اور کارکردگی عوام کے سامنے ایک روشن حقیقت ہے۔ بلوچستان کے حقوق کی جنگ ہو، وسائل کی منصفانہ تقسیم، صوبائی خودمختاری، ترقیاتی منصوبوں کا حصول یا عوام کے روزگار اور خوشحالی کا معاملہ، جمعیت علماءاسلام نے ہر محاذ پر فیصلہ کن، تاریخی اور ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں جمعیت علماءاسلام نے وہ تاریخی کامیابی حاصل کی جس نے بلوچستان کی مالی تقدیر بدل دی۔ جماعت نے وسائل کی تقسیم کو صرف آبادی تک محدود رکھنے کے فرسودہ فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے پسماندگی، غربت، محصولات، مالی نظم و ضبط، رقبہ، کم آبادی مگر وسیع جغرافیہ (Inverse Population Density)، عبوری معاونت اور ترقیاتی ضروریات جیسے بنیادی عوامل کو این ایف سی فارمولے میں شامل کروا کر بلوچستان کے لیے ایک جامع، منصفانہ اور دیرپا مالی ڈھانچہ تسلیم کرایا، جس کے نتیجے میں صوبے کا بجٹ محض چند ارب روپے سے بڑھ کر تقریباً بارہ سو ارب روپے تک پہنچا، جو بلوچستان کی تاریخ کا ایک سنگ میل ہے۔

Leave a Reply