وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشٹویو (بی ایس ڈی آئی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں 12 کور، ایکسین بلڈنگز، پروگرام کواڈینیٹر، ڈی جی یونیورسٹی آف بلوچستان، بی ایس ڈی آئی، پی آئی یو اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران بی ایس ڈی آئی کے تحت ضلعے بھر میں جاری ترقیاتی اسکیمات، جاری منصوبوں کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے مختلف منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام محکموں اور اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور موثر ہم آہنگی کے ذریعے منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کیا جائے،اس کے علاوہ تمام اسکیمات کی مسلسل مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائے تاکہ ناقص اور غیر معیاری کاموں کے بروقت نشاندہی ہوسکے۔

Leave a Reply