بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے مانگی میں پولیس کی چوکی پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 9 اہلکار شہید ہو گئے جس کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس چوکی پر دھشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ اوز سمیت پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی کو بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے،امن دشمن دھشتگردوں کے سد باب تک انکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ منگل کو ایس پی زیارت عبدالقدوس کے مطابق زیارت کے علاقے کچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا، دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، شہداءمیں دو ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہداءمیں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ایس پی زیارت نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئیں۔ ایس پی زیارت عبدالقدوس نے بتایا کہ 5 اہلکاروں کو حملہ آور اپنے ساتھ لے گئے۔واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش اور علاقے کی کلیئرنس کےلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا دوسری جانب واقعہ کے خلاف زیارت کے شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے زیارت کراس کے مقام پر قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی جس کے باعث آمد و رفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔دریں اثناءوزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے اس واقعے سے متعلق کہا کہ زیارت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، ایف سی، پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے کلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔شاہد رند نے بتایا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے میں پولیس کے 9 افسران و اہلکار شہید ہوئے، شہدا میں ایس ایچ اوز تھانہ منگی اور تھانہ کواس، اے ٹی ایف انچارج اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار باحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے ہیں جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے زیارت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس چوکی پر دھشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ اوز سمیت پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

Leave a Reply