عمر میں اضافے کے ساتھ جسم تنزلی کا شکار ہونے لگتا ہے اور بتدریج بڑھاپا طاری ہو جاتا ہے۔
اس عمل کے دوران کچھ افراد کے جسم زیادہ تیزی سے تنزلی کا شکار ہوتے ہیں جبکہ کچھ میں یہ عمل سست روی سے آگے بڑھتا ہے۔
صحت مند طرز زندگی سے جڑی عادات جیسے غذا، ورزش، تمباکو نوشی سے گریز، تناؤ کو کنٹرول میں رکھنے اور دماغ کو مصروف رکھنے سے جسمانی بڑھاپے کی رفتار کو سست رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
مگر اب ایک نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ثقافتی سرگرمیوں جیسے فلمیں دیکھنے یا میوزیم دیکھنے جانے سے بڑھاپے کی جانب سفر کو سست کیا جاسکتا ہے۔
جاپان کے انسٹیٹیوٹ آف سائنس کی اس تحقیق میں 1900 افراد کے طبی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
ان افراد سے سوالنامے بھروا کر معلوم کیا گیا کہ وہ کتنی بار فلمیں دیکھنے جاتے ہیں، میوزیم یا آرٹ گیلری کا رخ کرتے ہیں، کنسرٹ یا تھیٹر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس کے بعد ان افراد کی نبض کے دباؤ، بلڈ پریشر، کولیسٹرول لیول، جسمانی وزن اور چہل قدمی کی رفتار وغیرہ کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد ثقافتی سرگرمیوں کو معمول بناتے ہیں، ان میں بڑھاپے کی جانب سفر کی رفتار گھٹ جاتی ہے۔
درحقیقت ہر چند ماہ میں ایک بار کسی ایک جگہ جانے سے ہی یہ فائدہ ہوسکتا ہے۔
دیگر عناصر جیسے آمدنی اور دائمی امراض کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی یہی نتائج سامنے آئے۔
محققین نے بتایا کہ متعدد عناصر جسم کے بوڑھا ہونے پر اثر انداز ہوتے ہیں مگر چند عادات سے اس کی رفتار کو سست کیا جاسکتا ہے۔

Leave a Reply