کوئٹہ+اسلام آباد۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی، سیاسی، دفاعی اور سکیورٹی صورتحال کو مستحکم بنانے، اقتصادی حالات میں بہتری لانے اور قومی استحکام کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ داخلی امن و امان کے قیام کے ساتھ پاکستان عالمی سطح پر امن، سلامتی، بین الاقوامی کشیدگی کے خاتمے اور دہشت گردی کے خلاف موثر کردار ادا کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاو¿س سندھ میں گورنر سندھ اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، قومی سلامتی، بین الاقوامی امور، بین الصوبائی ہم آہنگی، جمہوریت کے استحکام اور ترقیاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر ملک کی معاشی و دفاعی صورتحال کو مضبوط بنانے، قومی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے جو غیرمعمولی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ امریکہ۔ایران کشیدگی میں کمی، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی موثر سفارت کاری کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، جو نہ صرف ملک بلکہ سیاسی و عسکری قیادت کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی اولین ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا، ان کے معاشی و اقتصادی مسائل کا حل نکالنا اور ایسے عملی اقدامات اٹھانا ہے جن سے عوام کو سہولیات میسر آئیں، ملک میں امن و امان کا قیام یقینی ہو، وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملے اور جمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت پسماندہ علاقوں اور ان صوبوں کی ترقی کے لیے خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے جہاں ماضی میں ترقی کے کم مواقع فراہم کیے گئے۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ان علاقوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے نہ صرف موثر پالیسی سازی کی جا رہی ہے بلکہ عملی اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان وزیراعظم پاکستان کے دل کے قریب ہے اور اس کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے وہ شب و روز کوشاں ہیں۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی ایوانِ بالا میں صوبہ بلوچستان کی موثر آواز بننے، جمہوریت کے فروغ، عوامی مسائل اجاگر کرنے اور حکومتی امور میں بہتری کے لیے ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جس دانشمندی، وقار اور موثر انداز میں ایوان کی کارروائی چلا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کی پارلیمانی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں ایوانِ بالا جمہوری روایات کے استحکام اور عوامی مفادات کے تحفظ میں مزید موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

Leave a Reply