وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت اپنے حقوق کے لیے مربوط لیکن نرم لہجے میں جدوجہد جاری رکھے گی ، بلوچستان کے فنڈز پر کٹ لگتا تو صوبے کے پاس بجٹ میں صرف 9ارب روپے ہوتے ، میڈیا مالکان فیصلہ کرلیں کہ وہ قومی میڈیا ہیں یا کمرشلائز ڈ میڈیا، وفاقی وزراءعطاءتارڑ ، محسن نقوی میڈیا ہاﺅسز کے بیوروز کھلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، بلوچستان حکومت اور اسمبلی میڈیا نمائندگان کے ساتھ ہے ، ضرورت پڑی تو اسلام آباد جاکر احتجا ج بھی کریں گے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں صحافی انتہائی مشکل حالات میں کام کررہے ہیںہم نے پہلے بھی میڈیا ہا¶سز کی بندش پر احتجاج کیا یہاں دہشتگرد ،علیحدگی پسند تنظیموں اورحکومت کے مابین صحافی نامساعد اور مشکل حالات میں کام کررہے ہیں ایک ایسا شخص جس کی والدہ اور بیوی دونوں بستر پر بیمار پڑی ہیں ایک دن پہلے اسے کہا گیا کہ کل آپ دفتر نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا 43فیصد ہے ہماری مثبت نہیںتو منفی آواز کم از کم اسلام آباد تک پہنچ رہی تھی ہم اس زیادتی کو برداشت نہیں کریں گے کہ میڈیا ہاوسز اپنے بیوروز یہاں بند کریں ۔انہو ں نے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ انتہائی عزت دار اور خاندانی شخص ہیں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ کوئی بیوروبند نہیں ہونے دیں گے قومی ذمہ داری بھی کوئی چیز ہوتی ہے بلوچستان پاکستان کا مضبوط ترین حصہ ہے پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کے بغیرکچھ نہیں بیشک یہاں سے بزنس نہیں مل رہا بلکہ قومی ذمہ داری بھی کسی چیز کا نام ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے بھری محفل میں مجھے کہا کہ ایک بھی بیورو بند نہیں ہونے دیں گے مالکان اربوں روپے کماتے ہیں اور یہاں ملازمین کو 8سے10ہزار روپے تنخواہ دیتے ہیں یہ ایوان بلوچستان کے میڈیا نمائندوں کے ساتھ کھڑا ہوگا ہمیں کیوں اس نہج پر لایا جارہا ہے کہ ہم وزیراعلیٰ اور منتخب نمائندے ہوتے ہوئے اسلام آباد جاکر احتجاج کریں انہوں نے کہا کہ ایک بیورو سے کاروبار نہ ملنے سے مالکان کو کیافرق پڑے گا وہ اربوں روپے کماتے ہیں میں ہاتھ جوڑ کر وفاقی وزیر عطا تارڑ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں ایک بھی بیورو بندہوا تو ہم میڈیا نمائندوں کے ساتھ ہونگے۔

Leave a Reply