وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے آئندہ سال مئی میں کوئٹہ میں ”بیان المرصوص“ کے عنوان سے عالمی سطح کی خطاطی نمائش کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش میں اسلامی دنیا، ترکی اور دیگر ممالک کے معروف خطاط اور فنکار شرکت کریں گے، جبکہ حکومت بلوچستان اس عالمی ایونٹ کو اسپانسر کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ”رسولِ رحمت “ خطاطی نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 14 اگست اور اگست کے مہینے میں اس نوعیت کی تقریب کا انعقاد بذاتِ خود پورے پاکستان کے لیے ایک پیغام ہے کہ بلوچستان میں عالمی معیار کے ایسے پروگرام منعقد کرنے کی صلاحیت اور عزم موجود ہے انہوں نے کہا کہ وہ خطاط واصل شاہد سے آئندہ سال مئی میں عالمی سطح کی خطاطی کی ایک بڑی نمائش منعقد کرنے کی درخواست کر چکے ہیں جس کے لیے حکومت بلوچستان بھرپور تعاون کرے گی اور سرینا ہوٹلز کو ہی میزبانی کے لیے منتخب کیا جائے گا کیونکہ اس سلسلے میں پہلا قدم سرینا نے اٹھایا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عالمی خطاطی نمائش میں اسلامی دنیا، ترکی اور دیگر ممالک کے نامور فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ کوئٹہ سے دنیا بھر کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ کوئٹہ کے لوگ فنونِ لطیفہ سے محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں اور انہیں بالخصوص اسلامی خطاطی سے گہری وابستگی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عالمی خطاطی نمائش کے انعقاد کے لیے ابھی سے انتظامات شروع کیے جائیں اور اسے دو یا تین روزہ بڑے عالمی ایونٹ کی شکل دی جائے تاکہ دنیا بھر سے فنکار کوئٹہ آ کر اپنے فن کا مظاہرہ کر سکیں۔
بلوچستان میں عالمی معیار کے ایسے پروگرام منعقد کرنے کی صلاحیت اور عزم موجود ہے،میرسرفرازبگٹی

Leave a Reply