جمعیت علماءاسلام صوبہ بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان کا استحکام سیاسی استحکام کے ساتھ لازم و ملزوم ہے اور بلوچستان کے بنیادی مسائل کے پائیدار حل کے بغیر پاکستان کی پائیدار ترقی اور حقیقی استحکام ممکن نہیں؛ بدقسمتی سے بعض تلخ زمینی حقائق سے مسلسل روگردانی ہی مسائل کے پیچیدہ اور سنگین ہونے کی بنیادی وجہ بنی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ حقائق کو تسلیم کیا جائے، مسائل کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے اور سنجیدہ سیاسی و انتظامی اقدامات کے ذریعے ان کے مستقل حل کی طرف بڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائ اسلام نے روزِ اول سے اپنے تمام سیاسی تحفظات اور اختلافات کے باوجود اربابِ اختیار کو بلوچستان کے مسائل کے حل، امن کے قیام اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون اور معاونت کی پیشکش کی ہے، کیونکہ بلوچستان مزید کسی تجربے، بدامنی، محرومی اور انسانی جانوں کے ضیاع کا متحمل نہیں ہوسکتا؛ ہماری اس سرزمین سے والہانہ محبت ہے، ہمارا جینا مرنا اسی مٹی کے ساتھ ہے، ہم نے اسی دھرتی پر رہنا اور اسی میں دفن ہونا ہے، اس لیے بلوچستان میں امن صرف آج کی ضرورت نہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی بنیادی ضمانت ہے۔

Leave a Reply