رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور پیپلز پارٹی کے رہنما سردار عبیداللہ گورگیج نے عید میلاد النبی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں عالم اسلام بالخصوص اہلِ بلوچستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت ہے۔ آپ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے امن، محبت، برداشت، بھائی چارے، عدل و انصاف اور انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو حضور اکرم کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں محبت، اخوت اور رواداری کو فروغ دیں۔ نبی کریم نے انسانوں کے درمیان رنگ، نسل، زبان اور طبقے کی تفریق ختم کرکے مساوات اور بھائی چارے کا درس دیا۔ سردار عبیداللہ گورگیج نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد و اتفاق اور سیرتِ نبوی پر عمل کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ ہمیں ضرورت مندوں، غریبوں اور محروم طبقات کا خیال رکھتے ہوئے معاشرے میں امن و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عید میلاد النبی کی بابرکت ساعتوں کے صدقے ملک پاکستان بالخصوص بلوچستان میں امن و استحکام قائم فرمائے، عوام کو خوشحالی عطا کرے اور ہمیں نبی کریم کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی توفیق دے۔
عید میلاد النبی ہمیں انسانیت کی خدمت اور اتحاد و اتفاق کا درس دیتی ہے‘سردار عبیداللہ گورگیج

Leave a Reply