گوادر۔گوادر میںترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانے پر زور،کمرشل کمپلیکس کی دکانوں کی شفاف الاٹمنٹ ہوگی، مقامی تاجروں اور خواتین کو ترجیح دی جائے گی، شہر کی بہتری اور معیشت کے استحکام پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کا میونسپل کارپوریشن کے دورے کے دوران تبادلہ خیال ،تفصیلات کے مطابق چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے شہرداری گوادر (میونسپل کمیٹی گوادر) کا دورہ کیا، جہاں چیرمین میونسپل کمیٹی ماجد جوہر، وائس چیرمین سیف اللہ ہوت اور کونسلران نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر چیرمین گوادر بندرگاہ نے میونسپل آفس میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، چیرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، وائس چیرمین سیف اللہ ہوت اور دیگر کونسلران سے ملاقات کی، ملاقات میں گوادر پورٹ کی ترقی، ماہیگیری کے مسائل اور شہر کو درپیش بنیادی چیلنجز سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاءنے اس بات پر زور دیا کہ گوادر پورٹ کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک منتقل ہونا ضروری ہے، جبکہ ماہیگیر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بہتر اقدامات کیئے جائیں۔
چیرمین گوادر پورٹ نے کہا کہ بندرگاہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ شہر کی بہتری اور مقامی معیشت کے استحکام پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ملاقات کے دوران ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جی پی اے کمرشل کمپلیکس میں زیرِ تعمیر دکانوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور مقامی افراد کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ اس پر چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے اعلان کیا کہ جی پی اے کی جانب سے جلد کمرشل کمپلیکس کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے تمام اہل افراد درخواستیں جمع کرا سکیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ دکانوں کی الاٹمنٹ شفاف طریقے سے کی جائے گی اور اس عمل میں گوادر کے مقامی تاجروں، بالخصوص خواتین کو ترجیح دی جائے گی تاکہ مقامی سطح پر روزگار اور کاروباری مواقع کو فروغ مل سکے۔

Leave a Reply