وٹامن سی کا نام تو آپ نے سنا ہی ہوگا مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ آخر یہ جسم کے لیے ضروری کیوں ہوتا ہے؟
یہ مدافعتی نظام کے لیے اہم ہوتا ہے جبکہ ہمارے جسم کو متعدد افعال کے لیے اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
اب انکشاف ہوا ہے کہ جسم میں وٹامن سی کی کمی دماغی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے۔
جرنل پلوس ون میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ وٹامن سی کی کمی کے شکار معمر افراد کے دماغوں میں ایسی تبدیلیاں آتی ہیں جن کو دماغی تنزلی سے منسلک کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل تحقیقی رپورٹس میں وٹامن سی سے بھرپور غذاؤں کے استعمال اور دماغی تنزلی کے خطرے میں کمی کو دریافت کیا گیا تھا۔
مگر اس حوالے سے زیادہ تحقیقی کام نہیں ہوا کہ جسم میں وٹامن سی کی کمی سے دماغی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ خون میں وٹامن سی کی سطح کس حد تک ان دماغی خطوں پر اثرانداز ہوتی ہے جو یادداشت اور خیال کے تجزیے سے جڑے پراسیس سے منسلک ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے 2 ہزار افراد کے ڈیٹا کو اکٹھا کیا گیا۔
ان افراد کے ایم آر آئی اسکینز سے ان دماغی خطوں اور دماغی ساخت کا تجزیہ کیا گیا اور پھر خون کے نمونوں میں موجود وٹامن سی کی سطح کے ساتھ اس کا موازنہ کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں وٹامن سی کی کمی سے دماغ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، خاص طور پر یادداشت، فیصلہ سازی اور دیگر روزمرہ کے دماغی افعال سے جڑے خطے متاثر ہوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ وٹامن سی کی کمی اور دماغی تنزلی کے درمیان درمیان تعلق مضبوط نظر آتا ہے۔

Leave a Reply